لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گولی مارنے کا حکم
کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں کیے جانے والے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر گولی مارنے کا حکم دے دیا۔
فلپائن کے صدر نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں کیے جانے والے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر گولی مارنے کا حکم دے دیا۔
فلپائن میں وائرس کے کیسز بڑھنے پر صدر روڈریگو دوئتریٹ نے پولیس اور فوج کو حکم دیا ہے کہ جو لوگ لاک ڈاؤن میں مسائل کھڑے کریں انہیں گولی مار دی جائے۔
گزشتہ روز فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں خوراک کی قلت سے پریشان لوگوں نے احتجاج کیا تھا۔
کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 47 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں، جبکہ اس وائرس سے متاثرین کی تعداد تیزی سے 10 لاکھ کے قریب پہنچ رہی ہے۔
عالمی سطح پر ساڑھے 9 لاکھ کے قریب افراد کو متاثر کرنے والا کورونا وائرس برازیل میں دنیا سے الگ تھلگ سمجھے جانے والے ایمیزون کے جنگلات تک پہنچ گیا ہے جہاں پہلی خاتون میں وائرس کی تشخیص کی گئی ہے ۔
یورپ اب بھی وائرس کا مرکز ہے، دنیا میں سب سےزیادہ اموات اٹلی میں 13 ہزار 155 ہوئی ہیں، اسپین میں 9 ہزار 400 جبکہ فرانس میں 4 ہزار سے زائد افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔
بھارت میں وائرس نے مزید 12 جانیں لے لیں، جس کے بعد ملک میں کل ہلاکتیں 58 اور مریضوں کی تعداد 2 ہزار سے زیادہ ہو گئی ۔
ممبئی میں ایشیاء کی سب سے بڑی کچی آبادی جہاں 10 لاکھ افراد آباد ہیں، کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔
اسرائیل کے وزیرِ صحت میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
تباہ حال غزہ میں 2 فلسطینی انجینئرز نے دو سو ڈالر لاگت سے وینٹی لیٹر کا کام کرنے والی مشین تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
آسٹریلیا میں کیسز میں کمی پر آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے،جنوبی کوریا میں 15 اپریل کو عام انتخابات کے لیے مہم جاری ہے۔
ایران جہاں کورونا وائرس 3 ہزار سے زائد زندگیاں نگل چکا ہےوہاں لیزر لائٹ پروجیکشن کے ذریعے وائرس سے لڑنے والوں اور دنیا بھر کے متاثرہ ملکوں سے یک جہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔