ایران سے واپس آنے والے پاکستانی زائرین میں کورونا نہیں پایا گیا: پاکستان
(last modified Sun, 01 Mar 2020 11:50:38 GMT )
Mar 01, 2020 16:20 Asia/Kabul
  •  ایران سے واپس آنے والے پاکستانی زائرین میں کورونا نہیں پایا گیا: پاکستان

اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کی سرحد کے درمیان پھنسے 252 سے زائد پاکستانی زائرین ایران کے سرحدی شہر میرجاوہ سے تفتان پہنچ گئے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون بیرسٹرمرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ایران سے واپس آنے والے زائرین میں سے 600 افراد کی اسکریننگ کرکے انہیں کلیئر قرار دے دیا گیا ہے ۔
سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک کراچی میں صرف ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جوکہ اب رو بہ صحت ہے اور اس مریض کے تمام اہل خانہ کا طبی معائنہ ہوچکا ہے ان میں کسی بھی شخص میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں، اب تک 1419 افراد نے ایران کا سفر کیا ہے اور ان میں سے 952 افراد واپس آ چکے ہیں اور 650 افراد کا طبی معائنہ ہوچکا ہے ان میں کورونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئیں۔
دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ ایران اور پاکستان کی سرحد کے درمیان پھنسے 252 سے زائد پاکستانی زائرین کل سرحدی گیٹ پار کرکے تفتان پہنچ گئے۔
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران سے زیارات مقدسہ کے بعد پاکستان آنے والے زائرین میں سے اب تک کسی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی اور تمام پاکستانی زائرین کے ٹیست منفی آئے ہیں اور میڈیا میں چلنے والی اس قسم کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ ایران سے پاکستان میں داخل ہونے والے زائرین میں کورونا وائرس پایا گیا ہے۔

ټیګونه