پاکستان اور ہندوستان میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال
(last modified Tue, 28 Apr 2020 06:43:55 GMT )
Apr 28, 2020 11:13 Asia/Kabul
  • پاکستان اور ہندوستان میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ہندوستان اور پاکستان میں بھی کورونا میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔

پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں وباء سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 301 ہو گئی۔ جبکہ کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 14 ہزار 79 ہو چکی ہے ۔

کورونا وائرس کے ملک میں 10 ہزار 535 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جن میں سے 111 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 3 ہزار 233 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا سےانتقال کرنے والوں کی تعداد 104 ہوگئی ہے جبکہ پنجاب میں91 ، سندھ میں 85 ، بلوچستان میں14 اورگلگت بلتستان میں کورونا سےانتقال کرنے والوں کی تعداد 3 ہے۔

ادھر ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج منگل کی صبح دیئے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 1543 نئے کیسز آنے کے ساتھ ہی کورونا وائرس متاثرین کی تعداد بڑھ کر 29 ہزار کے پار ہو گئی اور اس دوران 62 مزید افراد کی ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 934 ہو گئی ہے۔

ہندوستان کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا وائرس کے اب تک کل 29435 متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔

کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کے صحت مند ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر 684 لوگوں کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد 6869 تک پہنچ گئی ہے۔

ہندوستان کی دو بڑی ریاستوں مہاراشٹر اور گجرات میں کورونا وائرس سے اب تک بالترتیب 369 اور 162 متاثرین کی موت ہو گئی ہے جو ملک بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کا تقریبا57 فیصد ہے۔ ان دونوں ریاستوں میں متاثرین کی مجموعی تعداد 12138 ہے۔

ټیګونه